فوٹو : فائل
لاہور: پنجاب میں آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے یہ پابندی محکمۂ داخلہ پنجاب کی طرف سے دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان محکمۂ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔
تاہم پابندی کے باوجود شادی ہالز کے اندر تقریبات میں چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہو گی، اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمے داری منتظمین پر عائد ہو گی۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت کے لیے سیف ڈرون یوزیج کمیٹی تشکیل دی ہے، تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون کے استعمال کی تحریری اجازت سیف ڈرون یوزیج کمیٹی دے گی۔
محکمۂ داخلہ پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ سیف ڈرون یوزیج کمیٹی کی اجازت سے ڈرونز کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہو گا۔